اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی کو جیت کیلیے 183 رنز کا ہدف

دبئی(ایف پی پی )پاکستان سپر لیگ تھری کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ تھری کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور کی بیٹنگ جاری ہے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور جے پی ڈیومینی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن رونکی 27 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔ جس کے بعد ڈیومینی نے حسین طلعت کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت قائم کی۔
وہاب ریاض نے حسین طلعت کو 29 رنز پر بھیج کر پشاور زلمی کو دوسری کامیابی دلوائی جس کے بعد شاداب خان بیٹنگ کے لیے آئے کوئی گیند کھیلے بغیر ہی رن آؤٹ ہوگئے۔

جے پی ڈیومینی وکٹ پر موجود رہے اور آصف علی کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 71 رنز جوڑے، اس دوران آصف علی نے 24 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب 54 گیندوں پر 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے ڈیومینی نے اپنی اننگز میں 4 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

اس سے قبل ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے باعث ملتان سلطانز کو 6 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں 6 شکستوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں